’’پولیو ورکرز قوم کے ہیرو ہیں‘‘وزیراعلیٰ مریم نواز کا پولیو کے عالمی دن پر پیغام
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پولیو کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں فرنٹ لائن پر کام کرنے والے پولیو ورکرز کو قوم کے ہیرو قرار دیتے ہوئے ان کی خدمات اور جذبے کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
مریم نواز شریف نے پنجاب سے پولیو کے 100 فیصد خاتمے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے والدین اور کمیونٹی سے انسدادِ پولیو مہم میں بھرپور تعاون کی اپیل کی ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پولیو ویکسینیشن سے انکار دراصل بچوں کے بہتر اور محفوظ مستقبل سے انکار ہے، پولیو سے مکمل نجات اور صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لیے والدین سمیت ہر فرد کا بھرپور تعاون نہایت ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ انسدادِ پولیو کے قطرے مکمل طور پر محفوظ اور مؤثر ہیں اور بچوں کی زندگی اور صحت کے تحفظ کے لیے انتہائی اہم ہیں، والدین پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو ہر انسدادِ پولیو مہم کے دوران پولیو سے بچاؤ کے دو قطرے لازمی پلوائیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے رواں سال پنجاب میں پولیو کا ایک بھی کیس سامنے نہیں آیا، صوبے سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے صوبائی ایمرجنسی آپریشن سینٹر اور محکمہ صحت متحرک ہیں۔
مریم نواز شریف کے مطابق انسدادِ پولیو مہم کے تحت 13 حساس اضلاع میں پانچ سال سے کم عمر ایک کروڑ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے ہیں، جبکہ لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں باقاعدگی سے انسدادِ پولیو مہم کا انعقاد کیا جاتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ملک بھر کے ساتھ پنجاب کے منتخب اضلاع میں بھی 2 سے 8 نومبر 2026 تک ذیلی قومی انسدادِ پولیو مہم کے انعقاد کی تیاریاں مکمل ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پولیو وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے صوبے بھر میں ماحولیاتی نمونوں کی مسلسل جانچ کی جاتی ہے، ڈسٹرکٹ ہیلتھ مینجمنٹ ٹیمیں (DHMT)، عالمی ادارۂ صحت (WHO) کے نمائندے اور ضلعی انتظامیہ انسدادِ پولیو مہم کی نگرانی کر رہے ہیں۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ انسدادِ پولیو مہم کی کامیابی کے باوجود مسلسل اور ہمہ جہت کوششیں جاری رکھنا ضروری ہیں، کیونکہ خدانخواستہ غفلت کی صورت میں پولیو دوبارہ پھیل سکتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
