(لاہور نیوز) سرکاری نرخ نامے میں سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ، تاہم پرچون بازاروں میں مقررہ نرخوں سے زائد پر فروخت کا سلسلہ جاری ہے، سبزی منڈیوں، پوش علاقوں اور گلی محلوں میں سبزیوں کے الگ الگ نرخ وصول کیے جانے لگے، سرکاری قیمتوں پر عمل درآمد یقینی نہ بنایا جا سکا۔
سرکاری نرخ نامے کے مطابق پیاز کی قیمت 195 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم پرچون بازاروں میں درجہ اول کا خشک پیاز 230 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔ ٹماٹر کی سرکاری قیمت 140 روپے فی کلو مقرر ہونے کے باوجود درجہ اول کا ٹماٹر 200 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔
چائنیز لہسن کی سرکاری قیمت 420 روپے فی کلو ہے، جبکہ مارکیٹ میں اس کی قیمت 480 روپے فی کلو تک وصول کی جا رہی ہے۔ تھائی لینڈ سے درآمد شدہ ادرک کی سرکاری قیمت 380 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے، تاہم بازاروں میں ادرک 460 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے۔ لیموں کی سرکاری قیمت 70 روپے فی کلو مقرر ہونے کے باوجود پرچون مارکیٹ میں 120 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔
سبز مرچ کی سرکاری قیمت میں 10 روپے اضافہ کرکے 130 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے، تاہم مارکیٹ میں اس کے نرخ 180 روپے فی کلو تک پہنچ گئے ہیں۔ دیسی ٹینڈے 170 روپے فی کلو کے سرکاری نرخ کے مقابلے میں 220 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہے ہیں، جبکہ آلو کی سرکاری قیمت 42 روپے فی کلو مقرر ہونے کے باوجود درجہ اول کا آلو 60 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔
شملہ مرچ کی سرکاری قیمت 170 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم پرچون بازاروں میں درجہ اول کی شملہ مرچ 280 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے۔ کھیرا 60 روپے فی کلو کے سرکاری نرخ کے مقابلے میں 100 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔ بند گوبھی کی قیمت میں 10 روپے اضافہ کرکے سرکاری نرخ 140 روپے فی کلو مقرر کیا گیا ہے، تاہم مارکیٹ میں اس کی فروخت 180 روپے فی کلو تک جاری ہے۔
پھول گوبھی کی سرکاری قیمت 80 روپے فی کلو مقرر ہونے کے باوجود پرچون بازاروں میں 120 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے، جبکہ موٹی پھلیاں 80 روپے فی کلو کے سرکاری نرخ کے مقابلے میں 180 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہیں۔
بینگن کی سرکاری قیمت 70 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم پرچون مارکیٹ میں اس کے نرخ 120 روپے فی کلو تک ہیں۔ بھنڈی 140 روپے فی کلو کے سرکاری نرخ کے مقابلے میں 200 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے۔ دیسی گاجر کی سرکاری قیمت 90 روپے فی کلو مقرر ہونے کے باوجود پرچون بازاروں میں 120 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے۔
اسی طرح گھیا کدو کی سرکاری قیمت 140 روپے فی کلو کے مقابلے میں مارکیٹ میں 220 روپے فی کلو تک وصول کیے جا رہے ہیں، جبکہ گھیا توری 120 روپے فی کلو کے سرکاری نرخ کے مقابلے میں 200 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے۔ میتھی کی سرکاری قیمت 100 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم بازاروں میں اس کے نرخ 140 روپے فی کلو تک ہیں۔
مٹر کی سرکاری قیمت 340 روپے فی کلو مقرر کیے جانے کے باوجود مارکیٹ میں 450 روپے فی کلو تک فروخت کیے جا رہے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ سرکاری نرخ نامے جاری ہونے کے باوجود سبزیوں کی قیمتوں میں نمایاں فرق برقرار ہے، جس سے گھریلو بجٹ متاثر ہو رہا ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری نرخوں پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور مقررہ قیمتوں سے زائد وصول کرنے والے دکانداروں کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے۔
