(لاہور نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اوپننگ بیٹر صائم ایوب کو سکواڈ سے ریلیز کر دیا جس کے بعد صاحبزادہ فرحان کو طلب کر لیا گیا۔
پی سی بی کے مطابق صائم ایوب نے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن سے بات چیت میں ریلیز کی درخواست کی جس کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا، صائم ایوب نے ڈومیسٹک کرکٹ میں بیٹنگ پر کام کرنے کیلئے ریلیز کرنے کا کہا تھا جس پر پاکستان ٹیم مینجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی نے باہمی طور پر صائم ایوب کی درخواست کو منظور کیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ موجودہ فارم کو دیکھتے ہوئے صائم ایوب کے فیصلے کو سراہا گیا ہے، پی سی بی نے صاحبزادہ فرحان کو سکواڈ میں شامل کر لیا ہے اور اب صاحبزادہ فرحان جلد سکواڈ کو جوائن کر لیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صاحبزادہ فرحان نیپال پریمیئر لیگ کیلئے کھٹمنڈو میں ہیں اور انہیں نیشنل ڈیوٹی کیلئے طلب کیا گیا ہے، صاحبزادہ فرحان پہلی دستیاب فلائٹ سے وطن واپس روانہ ہوں گے۔
واضح رہے کہ مسلسل تین فتوحات کے ساتھ فائنل کیلئے کوالیفائی کرنے والی پاکستان ٹیم تین ملکی سیریز کے پانچویں میچ میں منگل، 27 اکتوبر کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں سری لنکا کے خلاف میدان میں اترے گی۔
