(محمد اشفاق) لاہور ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کی بازیابی کیلئے دائر درخواست پر سماعت کی، عدالت نے ہوم سیکرٹری کی رپورٹ کی روشنی میں درخواست نمٹا دی۔
لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عبہر گل خان نے شاہ ریز کی درخواست پر سماعت کی، دوران سماعت وکیل پنجاب حکومت نے بتایا کہ علیمہ خانم، عظمیٰ خانم اور نورین نیازی کی نظر بندی میں 30 روزہ مزید توسیع کر دی گئی ہے، تینوں بہنوں کی نظر بندی میں سات اکتوبر کو توسیع کی گئی ہے۔
وکیل درخواست گزار نے استدعا کی کہ تینوں بہنوں کو بازیاب کروا کر عدالت میں پیش کیا جائے۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ نظر بندی کا نوٹیفکیشن ڈی سی نے جاری کیا، مگر آپ نے اپنی درخواست میں ڈی سی کو فریق نہیں بنایا، وکیل رانا مدثر عمر نے کہا کہ ہمیں علم ہے اس معاملے میں 26 ویں اور 27 ویں آئینی ترمیم آڑے آئے گی۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آپ کو علم ہونا چاہئے، عدالت آپ کی درخواست سے باہر جا کر کوئی آرڈر نہیں کر سکتی۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ علیمہ خان، عظمیٰ خان اور نورین نیازی کو ڈی سی لاہور نے 30 روز کیلئے نظر بند کیا، تینوں بہنوں کی نظر بندی کی مدت مکمل ہو چکی ہے، تاہم نظر بندی کی معیاد مکمل ہونے کے باوجود انہیں رہا نہیں کیا گیا۔
درخواست گزار نے عدالت سے علیمہ خان، عظمیٰ خان اور نورین نیازی کی بازیابی کا حکم دینے کی استدعا کی، عدالت نے ہوم سیکرٹری کی رپورٹ کی روشنی میں درخواست نمٹا دی۔
