(لاہور نیوز) سہ ملکی ون ڈے سیریز کے چوتھے میچ میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کو ایک وکٹ سے شکست دیدی۔
قومی ٹیم کے 242 رنز کا ہدف شاداب خان نے شاندار سنچری کی بدولت 48 ویں اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، شاداب خان نے 96 گیندوں پر 113 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز بہتر ثابت نہ ہو سکا اور فخر زمان 10 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، صائم ایوب 6، بابر اعظم 10، سعد بیگ 32، سلمان آغا 26، حسن نواز 15 رنز بنا کر چلتے بنے، شاہین شاہ آفریدی نے 4 رنز بنائے، رضا اللہ 8 جبکہ عرفات منہاس ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
قبل ازیں لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں ہونیوالے میچ میں قومی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کافیصلہ کیا تاہم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے انگلینڈ کی پوری ٹیم 46.4 اوورز میں 241 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔
انگلش ٹیم کی جانب سے بین ڈکٹ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 105 رنز بنائے، جبکہ سیم کرن 42 اور گس ایٹکنسن 36 رنز بنا کر نمایاں رہے، ول جیکس 13 اور جیمی اوورٹن 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے چار وکٹیں حاصل کیں جبکہ عرفات منہاس اور رضا اللہ نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، حارث رؤف نے ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے بریسٹ کینسر سے آگاہی کیلئے میچ پنک ڈے سے منسوب کیا گیا، جس کے تحت قومی ٹیم گلابی کٹ پہن کر میدان میں اتری۔
