(ویب ڈیسک) امریکا میں جاری پی ایس اے سلیکون ویلی اوپن اسکواش ٹورنامنٹ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے ٹورنامنٹ کا آغاز فاتحانہ انداز میں کیا۔
پاکستان کے نور زمان اور اشعب عرفان نے اپنے ابتدائی میچز جیت لیے، نور زمان نے امریکا کے برانسٹن منگ کو تین ایک سے شکست دے دی۔
نور زمان نے پہلا گیم ہارنے کے بعد شاندار واپسی کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی، نور زمان کی کامیابی کا اسکور 3-11، 11-5، 11-8 اور 11-9 رہا، نور زمان نے امریکی حریف کو 41 منٹ میں شکست دی۔
دوسری جانب پاکستان کے اشعب عرفان نے ہنگری کے بالاز فارکاس کو تین صفر سے ہرا دیا، اشعب عرفان کی کامیابی کا اسکور 11-6، 11-4 اور 11-5 رہا۔
اشعب عرفان نے ہنگری کے حریف کے خلاف صرف 25 منٹ میں کامیابی حاصل کی۔ نور زمان اور اشعب عرفان سلیکون ویلی اوپن کے اگلے راؤنڈ میں پہنچ گئے۔
پی ایس اے گولڈ سلیکون ویلی اوپن اسکواش ٹورنامنٹ امریکی شہر ریڈ ووڈ سٹی میں جاری ہے، سلیکون ویلی ایونٹ میں مینز ایونٹ کی مجموعی انعامی رقم ایک لاکھ 43 ہزار 500 ڈالرز ہے۔
