(لاہور نیوز) ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کرکٹ میچز سے قبل تمام تر سکیورٹی و لاجسٹک انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی زیر صدارت ماڈل ٹاؤن ڈویژن کی اینٹی کرائم میٹنگ ہوئی، جس میں ایس ایس پی آپریشنز، ایس پی ماڈل ٹاؤن، سرکل افسران اور ایس ایچ اوز نے شرکت کی، اجلاس میں ڈویژن کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور چوری، جھپٹا مارنے اور موبائل فون چھیننے کی وارداتوں پر قابو پانے کی ہدایات جاری کی گئیں۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے کرکٹ میچز سے قبل سکیورٹی اور لاجسٹک انتظامات مکمل کرنے اور نجی ہوٹلز، اسٹیڈیمز اور راستوں کے اطراف سرچ آپریشنز کرنے کا حکم دیا، انہوں نے اشتہاری اور عادی مجرمان کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے اور موبائل فون چوری و خریداری میں ملوث افراد کو گرفتار کرنے کی بھی ہدایت کی۔
انہوں نے متعلقہ ایس ایچ اوز کو جرائم کی روک تھام اور اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کیلئے کارکردگی بہتر بنانے کا حکم دیتے ہوئے نجی ملازمین اور کرایہ داروں کا اندراج یقینی بنانے پر زور دیا۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے پتنگ بازی، ون ویلنگ اور قمار بازی میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کرنے جبکہ غیر نمونہ اور ٹیمپر شدہ نمبر پلیٹس استعمال کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کرنے کی بھی ہدایت کی۔
