پنجاب: 300 ارب کا پروگرام، 10 کروڑ تک بلاسود قرض ملے گا، صوبائی وزیر صنعت و تجارت
(لاہور نیوز) صوبائی وزیر صنعت و تجارت پنجاب چوہدری شافع حسین نے رواں سال 300 ارب روپے کا پروگرام شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس کے تحت 10 کروڑ روپے تک بلاسود قرض فراہم کیا جائے گا۔
چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس پیسک ہاؤس، ڈیوس روڈ لاہور میں ہوا، جس میں صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں ملازمین کی پنشن سے متعلق فیصلے کے خلاف وفاقی آئینی عدالت میں اپیل دائر کرنے کی منظوری دی گئی، صوبائی وزیر نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ کے ڈویژن بینچ کے فیصلے کو وفاقی آئینی عدالت میں چیلنج کیا جائے گا۔
چوہدری شافع حسین نے پنجاب کی 24 سمال انڈسٹریل اسٹیٹس میں بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے کام تیز کرنے کی ہدایت بھی کی۔
قبل ازیں اجلاس کو بتایا گیا کہ منڈی بہاؤالدین میں پہلی سمال انڈسٹریل اسٹیٹ قائم کر دی گئی ہے، جہاں پلاٹوں کے حصول کا عمل مکمل طور پر آن لائن ہوگا، اوورسیز پاکستانیوں کے لیے 20 فیصد کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔
صوبائی وزیر نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب آسان کاروبار فنانس اسکیم کے تحت بلاسود قرضوں کی فراہمی جاری ہے۔ اعلان کردہ پروگرام کے تحت 10 کروڑ روپے تک کے قرضے بلاسود ہوں گے جبکہ 10 کروڑ سے ایک ارب روپے تک کے قرضوں پر 3 فیصد اور ایک ارب سے 5 ارب روپے تک کے قرضوں پر 5 فیصد مارک اپ وصول کیا جائے گا۔
