پنجاب میں لیب ٹاپ اور اسکالرشپ سکیم فیز ٹو کا آغاز کر دیا: صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری
(لاہور نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے لیپ ٹاپ اور سکالر شپ سکیم کے دوسرے مرحلے کا آغاز کر دیا ہے۔
قوم کے بچوں کا مستقبل ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور ہنر سے وابستہ ہے، کنٹینر، لانگ مارچ اور دھرنے نوجوانوں کا مستقبل نہیں ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مریم نواز پنجاب کے بیٹوں اور بیٹیوں کی تعلیمی و سماجی ضروریات کا خیال اپنے بچوں کی طرح رکھ رہی ہیں، یہی وجہ ہے کہ نوجوانوں میں ان کی مقبولیت بڑھ رہی ہے، مریم نواز کی مقبولیت اور کارکردگی سے خوفزدہ عناصر ہمیشہ ان پر ذاتی حملے کرتے ہیں، اخلاقیات اور تعلیمات کا درس دینے والے بھی بغضِ مریم کا شکار ہیں۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ مریم نواز نے عملی کارکردگی دکھائی ہے، اسی لیے عالمی سطح پر ان کی پذیرائی ہورہی ہے۔ خیبرپختونخوا میں جعلی تبدیلی اور کھوکھلے نعروں کے سیاہ دور کا خاتمہ ہوچکا ہے، صوبے میں ایمرجنسی لگنے کی ذمہ دار پی ٹی آئی ہے، جس نے قومی مفاد اور صوبے کے امن پر دہشت گردی کو ترجیح دی۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پاک فوج اور دیگر سیکیورٹی ادارے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے دن رات قربانیاں دے رہے ہیں، ایسے موقع پر سیکیورٹی اداروں کے خلاف زبان درازی فورسز کا حوصلہ پست کرنے کے مترادف ہے، پاکستانی قوم اپنے بہادر جوانوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
