(لاہور نیوز) شہر میں جوئے کے خاتمے کے لیے لاہور پولیس کی کارروائیاں جاری ہیں، رواں ماہ اب تک 122 جواریوں کو گرفتار کرکے 26 مقدمات درج کر لیے گئے۔
ترجمان لاہور پولیس کے مطابق رواں سال جوئے کے خلاف کارروائیوں کے دوران 2 ہزار 69 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جبکہ شہر کے مختلف تھانوں میں 545 مقدمات درج کیے گئے۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے 83 لاکھ روپے سے زائد کی داؤ پر لگی رقم بھی برآمد کی گئی۔
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے جوئے کے اڈوں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ آن لائن جوئے کی روک تھام کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور مدد لی جائے۔
بلال صدیق کمیانہ کا کہنا تھا کہ جوئے سمیت تمام سماجی جرائم کے خاتمے کے لیے مؤثر کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔ انہوں نے جرائم کی روک تھام اور شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے پولیس اقدامات مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی۔
