(لاہور نیوز) شہری کی شکایت پر بروقت کارروائی نہ کرنے اور ای ٹیگ لگانے میں تاخیر کے معاملے پر ایس ایچ او تھانہ جوہر ٹاؤن اور فرنٹ ڈیسک عملے کو معطل کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ایک شہری نے تھانہ جوہر ٹاؤن میں لڑائی جھگڑے اور سامان چھیننے سے متعلق درخواست دی تھی، تاہم دو روز گزرنے کے باوجود درخواست پر ای ٹیگ نہیں لگایا گیا، جس کے باعث قانونی کارروائی میں تاخیر ہوئی۔
شہری نے معاملے کی نشاندہی ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے دفتر میں پیش ہو کر کی، ڈی آئی جی آپریشنز کی جانب سے شکایت کی جانچ پڑتال کے دوران شہری کا مؤقف درست ثابت ہونے پر متعلقہ ایس ایچ او اور فرنٹ ڈیسک عملے کو معطل کر دیا گیا۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے واقعے کی مکمل انکوائری ایس ایس پی آپریشنز کے سپرد کرتے ہوئے ذمہ داران کے خلاف مزید کارروائی کیلئے تحقیقات کا حکم دے دیا، ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کی شکایات پر بروقت قانونی کارروائی کرنا پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے، ای ٹیگ لگانے میں تاخیر اور شہریوں کی داد رسی میں غفلت کسی صورت قابل قبول نہیں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ درخواست موصول ہوتے ہی ای ٹیگ لگانے اور قانونی کارروائی کا عمل شروع کیا جائے اور کسی بھی درخواست کو بلاوجہ التوا میں نہ رکھا جائے، شہریوں کی شکایات کو نظرانداز کرنا عوامی خدمت کے تقاضوں کے منافی ہے، پولیس کا بنیادی فرض شہریوں کی داد رسی کرنا ہے اور فرائض میں غفلت برتنے والوں کو جواب دہ ہونا پڑے گا۔
