اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کیلئے عالمی اعزاز، مریم نواز تقریب میں شرکت کیلئے مسقط روانہ
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اقوام متحدہ کے ہیبی ٹیٹ سکرول آف آنر ایوارڈ کی تقریب میں شرکت کیلئے مسقط روانہ ہو گئیں۔
وزیراعلیٰ آفس کے مطابق عالمی یوم رہائش کے موقع پر مریم نواز شریف کو ’’اپنی چھت اپنا گھر‘‘ پروگرام کیلئے یواین ہیبی ٹیٹ سکرول آف آنر ایوارڈ خصوصی دعوت پر دیا جائے گا۔ عمان کے کنونشن اینڈ ایگزیبیشن سنٹر میں وزیراعلیٰ پنجاب کو یہ اعزاز پیش کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ آفس کے مطابق یواین ہیبی ٹیٹ سکرول آف آنر اقوام متحدہ کے ہیومن سیٹلمنٹ پروگرام سے متعلق اعلیٰ ترین بین الاقوامی اعزاز ہے، جو سستی اور مناسب رہائش، پائیدار اربن ڈویلپمنٹ، بنیادی شہری سہولتوں میں بہتری، شہری تعمیر نو اور قدرتی آفات کے بعد بحالی جیسے اہداف کے تحت مختلف افراد، شہروں، حکومتوں، سرکاری اداروں، سول سوسائٹی، نجی تنظیموں، تحقیقی اداروں اور منصوبوں کو دیا جاتا ہے۔
حکام کے مطابق گزشتہ 37 برس کے دوران دنیا بھر میں 200 یواین ہیبی ٹیٹ سکرول آف آنر ایوارڈز دیے جا چکے ہیں۔ پاکستان میں اس سے قبل 2007 میں ایرا کے ڈپٹی چیئرمین نے یہ اعزاز وصول کیا تھا۔
وزیراعلیٰ آفس کا کہنا ہے کہ ’’اپنی چھت اپنا گھر‘‘ پروگرام یواین ہیبی ٹیٹ سکرول آف آنر ایوارڈ 2026 کیلئے منتخب منصوبوں میں شامل ہے۔ پاکستان کے علاوہ میانمار، برازیل، تیونس اور انگلینڈ کے شہر لندن کو بھی اس ایوارڈ کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔
مریم نواز شریف نے ایوارڈ پنجاب کے بے گھر افراد کے نام کرتے ہوئے کہا کہ یواین ہیبی ٹیٹ سکرول آف آنر ایوارڈ پنجاب کے بے گھر افراد کیلئے اعزاز ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’اپنی چھت اپنا گھر‘‘ پروگرام نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا کا سب سے بہترین لوکاسٹ ہاؤسنگ پراجیکٹ ہے۔
