(لاہور نیوز) محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) پنجاب نے صوبے بھر میں 158 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران مبینہ 23 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق ساہیوال سے بھارتی خفیہ ایجنسی را کے ایک خطرناک دہشت گرد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ گرفتار دہشت گردوں کی شناخت ہدایت اللہ، محمد مجاہد، تسلیم حسنین اور طارق اللہ سمیت دیگر کے ناموں سے ہوئی ہے۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق گرفتار دہشت گردوں کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد، 7 آئی ای ڈیز، 26 ڈیٹونیٹرز اور 48 فٹ فیوز وائر برآمد کی گئی ہے۔ گرفتار دہشت گردوں کے خلاف 22 مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔
ترجمان کے مطابق پنجاب بھر میں گزشتہ ایک ماہ کے دوران 4 ہزار 601 کومبنگ آپریشنز کیے گئے، جن کے دوران 4 لاکھ 66 ہزار 553 افراد کو چیک کیا گیا، جبکہ 402 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ محفوظ پنجاب کے ہدف کے تحت دہشت گردی کے خاتمے اور امن و امان کے قیام کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔
