(لاہور نیوز) چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کے حکم پر شہر کے مختلف ٹریفک سگنلز پر بھیک مانگنے والے گداگروں کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری ہے، جس کے دوران رواں سال اب تک 5 ہزار 327 گداگروں کو ٹریفک سگنلز سے ہٹایا جا چکا ہے۔
سی ٹی او لاہور کے مطابق ہٹائے گئے گداگروں میں ایک ہزار 970 مرد، 2 ہزار 207 خواتین، 608 خواجہ سرا اور 505 بچے شامل ہیں۔ متعدد بار وارننگ کے باوجود باز نہ آنے والے گداگروں کے خلاف 947 مقدمات درج کروائے گئے۔
انہوں نے بتایا کہ ساڑھے 3 ہزار سے زائد بھکاریوں کو ایدھی ہومز، 40 بچوں کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو جبکہ 954 گداگروں کو سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ منتقل کیا گیا ہے۔ گداگروں کی بحالی کے لیے پائلٹ پروجیکٹ اور بچوں کے لیے جھگی اسکول بھی شروع کیا گیا ہے۔
سی ٹی او لاہور نے سیف سٹی ٹریفک مانیٹرنگ ٹیموں کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی ٹریفک سگنل پر کوئی بچہ، بزرگ، خاتون، خواجہ سرا یا معذوری کی آڑ میں بھیک مانگنے والا نظر نہ آئے اور فیلڈ اسٹاف کو لمحہ بہ لمحہ صورتحال سے آگاہ رکھا جائے۔
سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق نادرا کے تعاون سے گرفتار بھکاریوں کا ڈیٹا حاصل کرکے ان کے خلاف ایف آئی آرز درج کی جا رہی ہیں، جبکہ رات کے وقت ٹریفک سگنلز پر چھیڑ چھاڑ کرنے والے بھکاریوں کی تلاش بھی جاری ہے۔
سی ٹی او لاہور نے کہا کہ گداگروں کی سرگرمیوں سے نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے بلکہ حادثات کا خدشہ بھی رہتا ہے۔ عادی گداگر ہمدردی حاصل کرنے کے لیے جعلی معذوری کا سہارا لیتے ہیں۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ ان کی محنت کی کمائی دھوکہ بازوں کے لیے نہیں۔ بھیک مانگنے کی حوصلہ شکنی سے معاشرتی بہتری کے ساتھ ٹریفک کی روانی بھی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
