(لاہور نیوز) وفاقی حکومت کی جانب سے شروع کئے جانے والے پٹرول سبسڈی پروگرام کے تحت ملک کے مختلف شہروں میں موٹرسائیکل سواروں کو ریلیف فراہم کرنے کا سلسلہ شروع ہو گیا۔
پہلے مرحلے میں ملک کے متعدد فیول پمپس پر موٹرسائیکل سواروں کو 5 لٹر پٹرول پر 100 روپے کی براہ راست سبسڈی دی جا رہی ہے، جس سے مہنگائی کے اس دور میں مزدور اور متوسط طبقے کو کچھ ریلیف ملنا شروع ہو گیا ہے۔
حکومت کے اس اقدام کو شہریوں اور بالخصوص موٹرسائیکل چلانے والے طبقے نے انتہائی سراہا ہے۔ تاہم، عملی مراحل میں درپیش کچھ مشکلات کے پیشِ نظر شہریوں نے حکام سے مطالبات بھی کئے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل نظام اور پیچیدہ طریقہ کار ناخواندہ افراد کیلئے سمجھنا مشکل ہوتا ہے، اس لئے حکومت کو سبسڈی کے حصول کیلئےمزید آسان ذرائع متعارف کرانے چاہئیں۔
مزدور طبقے اور عام شہریوں نے تجویز دی ہے کہ ڈیجیٹل ایپس یا پیچیدہ فارمز کے بجائے پٹرول پمپس پر ہی مخصوص بوتھ قائم کئے جائیں تاکہ ہر سائل بآسانی اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکے۔
