(لاہور نیوز) سی ٹی اور لاوہر نے مغل پورہ پل کے قریب بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سوار شہری کی جانب سے وارڈنز کے ساتھ بدتمیزی اور دھمکیاں دینے کا نوٹس لے لیا۔
ٹریفک پولیس کے مطابق بغیر ہیلمٹ شہری نے وارڈنز کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں، چالان ہونے پر وائیلٹر سیخ پا ہو گیا اور موٹرسائیکل سڑک پر پٹختے ہوئے وارڈنز سے بدتمیزی کرتا رہا۔
سی ٹی او لاہور نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے وائیلٹر کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا، ٹریفک پولیس کے مطابق مذکورہ شہری اس سے قبل بھی تین مرتبہ بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل چلانے جبکہ ایک مرتبہ سگنل کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا ہے۔
سی ٹی او لاہور کا کہنا ہے کہ ٹریفک وارڈنز شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے موجود ہیں، ان سے بدتمیزی اور دھمکیاں کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی، ترجمان ٹریفک پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ ہیلمٹ چالان سے بچنے کے لیے نہیں بلکہ اپنی حفاظت کے لیے پہنیں۔
