(لاہور نیوز) اردو فلم انڈسٹری میں مزاح کو نئی بلندیوں تک پہنچانے والے برصغیر کے نامور اداکار لہری کی آج 14 ویں برسی منائی جا رہی ہے۔
سنجیدہ چہرے پر مزاح کا جادو جگانے والے سفیر اللہ المعروف لہری نے 4 دہائیوں تک شائقین فلم کے دلوں پر حکومت کی، اور اپنے مخصوص انداز گفتگو، برجستہ جملوں اور باوقار مزاح کے ذریعے مزاحیہ اداکاری کو ایک نیا معیار دیا۔
2 جنوری 1929ء کو بھارت میں پیدا ہونے والے لہری نے 1950ء کی دہائی میں فلمی سفر کا آغاز کیا اور دامن، تلاش، کنیز اور تہذیب جیسی یادگار فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے، انہیں بہترین اداکاری پر 12 مرتبہ نگار ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔
لہری کا انداز ایسا تھا کہ وہ بغیر کسی ابتذال یا بناوٹ کے صرف اپنے مکالموں اور چہرے کے تاثرات سے لوگوں کو ہنسانے کا فن جانتے تھے۔
13 ستمبر 2012ء کو مداحوں کو سوگوار چھوڑ جانے والے لہری آج ہم میں نہیں، لیکن ان کا کام اور ان کی یادیں ہمیشہ زندہ رہیں گی۔
