(لاہور نیوز) وزارت مذہبی امور نے حج 2027 کیلئے نجی حج سکیم کے تحت جانے کے خواہشمند پاکستانی عازمین کو خبردار کیا ہے کہ وہ حج اخراجات کی ادائیگی کسی فرد یا حج آپریٹر کو نقد رقم میں نہ کریں اور ادائیگی کیلئے سرکاری ڈیجیٹل پلیٹ فارم استعمال کریں۔
وزارت مذہبی امور نے ہدایت کی ہے کہ نجی حج سکیم کے تحت حج پر جانے والے عازمین بھی سرکاری طور پر مقرر کردہ ڈیجیٹل حج مینجمنٹ سسٹم یا پاک حج ایپ کے ذریعے ہی اپنے حج اخراجات ادا کریں۔
وزارت کے مطابق اس اقدام کا مقصد عازمین حج کو ممکنہ فراڈ سے محفوظ رکھنا اور نجی حج آپریٹرز کے امور کی مؤثر نگرانی یقینی بنانا ہے، عازمین کو کہا گیا ہے کہ وہ مقررہ نظام اور طریقہ کار سے ہٹ کر کسی فرد کو ادائیگی نہ کریں، بصورت دیگر ان کی رقم ضائع ہونے کا خدشہ ہو سکتا ہے۔
حج پالیسی کے مطابق حج 2027 کے آپریشن سے قبل عازمین کو اپنی حج تیاری کیلئے صرف ایسے نجی حج آپریٹرز کا انتخاب کرنا ہو گا جو باضابطہ طور پر لائسنس یافتہ ہوں۔
وزارت مذہبی امور نے واضح کیا ہے کہ نجی حج سکیم کے عازمین کسی بھی غیر مجاز فرد کو نقد رقم یا کسی دوسرے غیر سرکاری طریقے سے ادائیگی نہ کریں۔
واضح رہے کہ 2025 میں مختلف وجوہات کی بنا پر تقریباً 67 ہزار پاکستانی عازمین حج سفرِ حج پر روانہ نہیں ہو سکے تھے۔
حج 2027 کیلئے پاکستان کا حج کوٹہ 179,210 مقرر کیا گیا ہے، جس میں سے 71,684 عازمین نجی حج سکیم کے تحت حج ادا کر سکیں گے، جبکہ باقی عازمین سرکاری حج سکیم کے ذریعے فریضہ حج ادا کریں گے۔
