(لاہور نیوز) ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا ہے کہ عوام کو تحفظ اور قانونی رہنمائی فراہم کرنا پولیس کا فرض ہے، پولیس ہر مظلوم کے ساتھ، مدد کے لیے الرٹ ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز کی کھلی کچہری، شہریوں نے بڑی تعدادمیں شرکت کی۔ اس دوران لین دین، فراڈ، تشدد، گروی مکان سمیت دیگر معاملات بارے شکایات موصول ہوئیں، فیصل کامران کی جانب سے شہریوں کی درخواستوں پر متعلقہ افسران کو احکامات جاری کیے گئے۔
شہری کی سوتیلے بیٹوں کے خلاف گھر سے نکالنے اور دھمکیوں کی شکایت پر فیصل کامران نے ایس ایچ او بادامی باغ کو شہری کو تحفظ فراہم کرنے اور کارروائی کا حکم دیا۔
گروی مکان پر فراڈکی شکایت، ایس ایچ او اقبال ٹاؤن کو کارروائی کی ہدایت کی گئی، خاتون سائلہ کی سابق شوہر کے خلاف بچے نہ دینے کی شکایت پر ایس ایچ او فیکٹری ایریا کو عدالتی احکامات پر عملدرآمد کا حکم دیا گیا جبکہ بہو کے گھر والوں کی ساس پر تشدد کی شکایت کے حوالے سے ایس ایچ او نشتر کالونی کو کارروائی کا حکم دیا۔
