لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش، گرمی و حبس کا زور ٹوٹ گیا
(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں تیز ہواؤں اور آندھی کے بعد موسلادھار بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا، جس سے گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ گیا ہے۔
لاہور میں مال روڈ، ایبٹ روڈ، لکشمی چوک، کینال روڈ، گلبرگ، لبرٹی اور کلمہ چوک کے اطراف میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ تاحال جاری ہے، شہریوں نے موسم کی خوشگوار تبدیلی کا خیر مقدم کیا، تاہم مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی۔
لاہور میں تیز بارش کے باعث حبس اور گرمی کا زور ٹوٹ گیا، جبکہ ٹھنڈی ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے شہریوں نے خوشگوار موسم محسوس کیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں آج بھی وقفے وقفے سے بادل برسنے کے امکانات ہیں۔
لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 25 ڈگری جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق ہوا کی رفتار 6 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 81 فیصد تک جا پہنچا۔
مریدکے اور گردونواح میں بھی گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی، جس سے کئی روز سے شدید گرمی اور حبس کے ستائے شہریوں کے چہرے کھل اٹھے، بارش شروع ہونے سے قبل ہی لیسکو کے متعدد فیڈر ٹرپ کر گئے۔
کاہنہ اور گردونواح میں موسلادھار بارش سے موسم انتہائی خوشگوار ہوگیا، ٹھنڈی ہواؤں کے ساتھ گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ ابھی بھی جاری ہے، جبکہ بارش شروع ہوتے ہی مختلف علاقوں میں بجلی بھی بند ہوگئی، گوجرہ میں آندھی کے بعد بوندا باندی ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہوگیا۔
قصور شہر اور گردونواح میں بھی صبح سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، بارش کے دوران بجلی کے متعدد فیڈر ٹرپ کرگئے جس سے شہر اور گردونواح کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔
