(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر مشرقی لاہور کے شہریوں کو نکاسی آب کے مسائل سے نجات دلانے کیلئے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل کی زیر صدارت مشرقی لاہور میں نکاسی آب کے مسائل کے حل کیلئے اہم اجلاس ہوا، جس میں پراجیکٹ ڈائریکٹر ہاؤسنگ، ڈی ایچ کیو بریگیڈیئر بدر نے اپنی ٹیم کے ہمراہ محکمہ ہاؤسنگ میں شرکت کی۔
اجلاس میں مشرقی لاہور میں بارشی پانی کی نکاسی کیلئے مشترکہ اور جامع حکمت عملی تیار کرنے کے حوالے سے اہم فیصلے کئے گئے، کنٹونمنٹ، ایئرپورٹ سے گجومتہ تک کے علاقوں کیلئے نکاسی آب کا مربوط نظام تشکیل دینے پر اتفاق کیا گیا۔
اس مقصد کیلئے ہاؤسنگ ونگ پاک فوج اور محکمہ ہاؤسنگ پنجاب کی مشترکہ کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ سیکرٹری ہاؤسنگ نے واسا لاہور کی ٹیم کو بھی اہم ٹاسک سونپ دیئے۔
اجلاس میں ہڈیارہ اور چرڑ ڈرینز کی ڈیسلٹنگ اور توسیع کا فیصلہ بھی کیا گیا، نکاسی آب کے نظام کی بہتری کیلئے متعلقہ محکموں کو متحرک کیا جائے گا جبکہ نالوں پر قائم تجاوزات کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
حکام کے مطابق حالیہ شدید بارشوں کے باعث شہریوں کو پیش آنے والی مشکلات کا مستقل حل یقینی بنانے کیلئے مشرقی لاہور کے موجودہ نکاسی آب کے نظام کا ازسرنو جائزہ لیا جائے گا اور اسے مزید مؤثر بنایا جائے گا۔
بارشی پانی کی بروقت نکاسی کیلئے جدید اور جامع نظام وضع کیا جائے گا، جبکہ مشرقی لاہور کے تمام متعلقہ علاقوں میں نکاسی آب کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔
