(لاہور نیوز) سینئر وزیر مریم اورنگزیب کی زیر قیادت محکمہ تحفظ جنگلی حیات و پارکس پنجاب کا غیرقانونی شکار کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔
پنجاب میں جنگلی حیات کے تحفظ کیلئے غیرقانونی شکار اور پرندوں کی ناجائز پکڑ دھکڑ کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں، بٹیر کی غیرقانونی نیٹنگ اور مرغابی کے شکار کے خلاف مختلف اضلاع میں کارروائیوں کے دوران 15 ملزمان کا چالان کیا گیا، جبکہ 20 نیٹنگ گیئرز بھی ضبط کر لئے گئے۔
محکمہ تحفظ جنگلی حیات و پارکس پنجاب کے مطابق لاہور، ملتان، سرگودھا اور بہاولپور ریجن میں مختلف کارروائیوں کے دوران غیرقانونی شکار میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی۔
کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 20 نیٹنگ گیئرز ضبط کئے گئے، جبکہ 6 ملزمان کو مجموعی طور پر ایک لاکھ 90 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا، دیگر ملزمان کے خلاف وائلڈ لائف ایکٹ کے تحت قانونی چارہ جوئی شروع کر دی گئی ہے۔
ننکانہ صاحب میں بٹیر کی غیرقانونی نیٹنگ کیلئے استعمال ہونے والے 2 نیٹنگ گیئرز ضبط کرکے ملزم کو 15 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا، قصور میں مرغابی کے شکار میں ملوث 2 شکاریوں کو گرفتار کرکے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی، جبکہ شیخوپورہ میں بٹیر کی غیرقانونی نیٹنگ پر 2 ملزمان گرفتار ہوئے اور انہیں 60 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔
اس کے علاوہ خانیوال اور ملتان میں بٹیر کی نیٹنگ کیلئے استعمال ہونے والے 2 گیئرز ضبط کئے گئے، جبکہ ملتان میں ایک گزشتہ کیس کمپاؤنڈ کرکے ملزم کو 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا، وہاڑی میں ایئر گن سے پرندوں کا شکار کرنے والے شکاری کو گرفتار کرکے 40 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا، بھکر میں بٹیر کی غیرقانونی نیٹنگ پر 8 ملزمان گرفتار کئے گئے اور 8 ہنٹنگ گیئرز ضبط کرکے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی۔
مزید برآں لیہ میں بٹیر کے نیٹنگ گیئرز ضبط کرکے قانونی چارہ جوئی شروع کی گئی، جبکہ سرگودھا میں بٹیر کا ایک نیٹنگ گیئر ضبط کرکے ملزم کو 25 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا، بہاولپور میں بٹیر کی غیرقانونی نیٹنگ کیلئے استعمال ہونے والے 4 نیٹنگ گیئرز ضبط کئے گئے اور ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی۔
محکمہ تحفظ جنگلی حیات کے مطابق غیرقانونی شکار اور جنگلی پرندوں کی ناجائز پکڑ دھکڑ کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی، جبکہ وائلڈ لائف ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
