(لاہور نیوز) لاہور نیوز کی خبر پر ایکشن لیتے ہوئے 30 سالہ زین کو سڑک پر روکنے والے ٹریفک وارڈن سلطان الحق کو معطل کر دیا گیا۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق ٹریفک وارڈن سلطان الحق کو غفلت اور لاپرواہی برتنے پر معطل کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ لاہور کے علاقے شادمان میں ٹریفک وارڈن کی مبینہ غلطی کے باعث موٹرسائیکل سوار 30 سالہ نوجوان زین جاں بحق ہو گیا تھا، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی تھی۔
سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق ٹریفک وارڈن نے موٹرسائیکل سوار کو روکنے کیلئے اچانک دوڑ کر موٹرسائیکل کے سامنے آنے کی کوشش کی، اس دوران موٹرسائیکل سوار کا سر ٹریفک وارڈن سے ٹکرا گیا، جس کے بعد نوجوان موٹرسائیکل سمیت بے قابو ہو کر فٹ پاتھ سے جا ٹکرایا۔
حادثے میں شدید زخمی ہونے والے زین کو سروسز ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ پانچ روز تک زیر علاج رہا، تاہم نوجوان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا تھا۔
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پر آنے کے بعد حادثے کے ذمہ داروں کے تعین اور مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا جا رہا تھا۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے غفلت اور لاپرواہی کے مرتکب ٹریفک وارڈن سلطان الحق کو معطل کر دیا گیا ہے۔
