(لاہور نیوز) محکمہ فوڈ پنجاب نے صوبے بھر میں آٹے کی قلت کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مارکیٹ میں آٹے کی دستیابی معمول کے مطابق ہے اور سپلائی کا سلسلہ تسلسل کے ساتھ جاری ہے۔
ڈی جی فوڈ پنجاب امجد حفیظ کے مطابق 31 اگست کو پنجاب کی فلور ملز نے سرکاری گندم گرائنڈ کرکے 10 کلو آٹے کا تھیلا 1100 روپے میں مارکیٹ میں سپلائی کیا، پنجاب کے تمام اضلاع میں سرکاری اور نجی شعبے سے گندم کی گرائنڈنگ کے بعد آٹے کی سپلائی یقینی بنائی گئی ہے، سرکاری گندم کی گرائنڈنگ کے بعد 10 کلو آٹے کے 239,668 تھیلے مارکیٹ میں فراہم کئے گئے۔
ڈی جی فوڈ کے مطابق نجی گندم سے 10 کلو آٹے کے 359,913 اور 20 کلو آٹے کے 130,252 تھیلے مارکیٹ میں سپلائی کئے گئے، جبکہ مجموعی طور پر 10 کلو آٹے کے 860,085 تھیلے مارکیٹ میں فراہم کئے گئے۔
امجد حفیظ کا کہنا ہے کہ پنجاب بھر میں تمام فلور ملز معمول کے مطابق فعال ہیں اور آٹے کی پسائی مسلسل جاری ہے، حکومت پنجاب کی جانب سے معیاری آٹے کی بلا تعطل فراہمی کیلئے مسلسل نگرانی بھی کی جا رہی ہے، مارکیٹ میں آٹے کی دستیابی اور سپلائی چین برقرار رکھنے کیلئے تمام ضروری اقدامات مکمل ہیں اور صوبے میں آٹے کی سپلائی میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہیں ہونے دی جائے گی۔
ڈی جی فوڈ پنجاب نے مزید کہا کہ ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف متعلقہ ادارے متحرک ہیں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائیاں جاری ہیں۔
