گندم اور آٹا مہنگا، روٹی نان بھی من مانی قیمتوں پر فروخت؛ 20 کلو آٹے کا تھیلا نایاب
(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت سمیت مختلف شہروں میں گندم اور آٹے کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ روٹی اور نان بھی مقررہ نرخوں کے بجائے من مانی قیمتوں پر فروخت ہونے لگے ہیں،لاہور میں گندم 4 ہزار 775 روپے فی من تک فروخت کی جا رہی ہے۔
کم سپلائی کے باعث 10 کلو آٹے کا تھیلا 1 ہزار 130 روپے میں فروخت ہو رہا ہے، جبکہ لاہور سمیت دیگر شہروں میں 20 کلو آٹے کا تھیلا نایاب ہونے کی اطلاعات ہیں۔ دوسری جانب 15 کلو آٹے کا تھیلا 2 ہزار 125 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے۔
آٹے کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ روٹی اور نان کی قیمتیں بھی مقررہ نرخوں سے تجاوز کر گئی ہیں۔ 14 روپے کی سادہ روٹی 20 سے 25 روپے میں فروخت کی جا رہی ہے، جبکہ نان 30 سے 35 روپے میں فروخت ہونے لگا ہے۔
مختلف شہروں میں گندم کے نرخ بھی بلند سطح پر پہنچ گئے ہیں۔ رحیم یار خان میں گندم 4 ہزار 700 روپے، لاہور میں 4 ہزار 775 روپے، اسلام آباد میں 4 ہزار 800 روپے، پشاور میں 4 ہزار 850 روپے جبکہ کراچی میں 4 ہزار 900 روپے فی من کے حساب سے فروخت کی جا رہی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ گندم، آٹے، روٹی اور نان کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث ان کے لیے روزمرہ اخراجات پورے کرنا مشکل ہو رہے ہیں۔ دوسری جانب محکمہ فوڈ سیفٹی کے اعدادوشمار اور دعووں کے باوجود عملی طور پر گرانفروشی کے خلاف مؤثر کارروائی نظر نہیں آ رہی۔
محکمہ فوڈ سیفٹی کا مؤقف ہے کہ آٹے کی سپلائی میں کہیں بھی کوئی رکاوٹ نہیں ہے اور مارکیٹ میں آٹے کی دستیابی برقرار ہے۔
