(لاہور نیوز) پنجاب بار کونسل نے بھی ملک میں نئے صوبے بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے اسے وقت کی اہم ضرورت قرار دے دیا۔
چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی پنجاب بار کونسل چوہدری ارشد علی ہنجرا نے لاہور نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں مزید چھوٹے صوبے بننے چاہئیں۔
چوہدری ارشد علی ہنجرا نے کہا کہ ملک میں نئے صوبوں کے قیام کا فیصلہ عوام اور ان کے منتخب نمائندوں کے ذریعے ہونا چاہئے، سیاسی جماعتوں کو اپنے ذاتی اور سیاسی مفادات سے بالاتر ہو کر نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر پیش رفت کرنا ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں نئے صوبوں کا قیام بھی وقت کی ضرورت ہے، جس سے انتظامی امور بہتر بنانے اور ملک کی ترقی کے عمل کو تیز کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی پنجاب بار کونسل نے پاکستان بار کونسل کی نئے صوبے بنانے سے متعلق قرارداد کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں انتظامی بنیادوں پر نئے صوبوں کے قیام کے معاملے کو سنجیدگی سے آگے بڑھایا جانا چاہئے۔
