(ویب ڈیسک) پرائیویٹ حج سکیم 2027 کے تحت حج منظم کمپنیوں کو وزارت مذہبی امور نے آخری اور حتمی مہلت دے دی۔
ذرائع کے مطابق نجی حج آپریٹرز کو 31 اگست تک تمام حج پیکیجز فعال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، بصورتِ دیگر غیر فعال کوٹہ ضبط کیا جا سکتا ہے۔
ذرائع وزارت مذہبی امور کے مطابق نجی حج سکیم کے تحت 71 ہزار 684 نشستوں میں سے ابتدائی پانچ روز کے دوران صرف 54 عازمین کی بکنگ ہو سکی، جس کے باعث بکنگ کا تناسب محض 0.1 فیصد رہا جبکہ 99.9 فیصد نجی حج کوٹہ تاحال باقی ہے۔
وزارت مذہبی امور نے حج منظم کمپنیوں کو خط کے ذریعے ہدایت کی ہے کہ مختص کوٹے کے مطابق تمام پیکیج کیٹیگریز حج مینجمنٹ سسٹم پر فعال کی جائیں۔
خط میں واضح کیا گیا ہے کہ تین روز کے اندر ہدایات پر عمل نہ ہونے کی صورت میں غیر فعال کوٹہ ضبط کیا جا سکتا ہے، غیر فعال کوٹہ دیگر حج کمپنیوں کو منتقل کرنے کے علاوہ سرکاری حج سکیم میں بھی شامل کئے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق آئندہ برس نجی حج سکیم کے عازمین پہلی مرتبہ وزارت مذہبی امور کی ویب سائٹ کے ذریعے مختلف نجی حج پیکیجز کا انتخاب کر سکیں گے، جبکہ نجی حج کمپنیوں کیلئے ویب سائٹ پر اپنے پیکیجز مشتہر کرنا بھی ضروری ہو گا۔
پرائیویٹ حج سکیم کے واجبات کی وصولی کا آغاز 23 اگست سے کیا گیا تھا، نجی حج سکیم کیلئے مجموعی حج کوٹے کا 40 فیصد، یعنی 71 ہزار 684 نشستیں مختص کی گئی ہیں۔
