(لاہور نیوز) راوی روڈ کے علاقے میں نجی دکان سے دھوکہ دہی اور فراڈ کے ذریعے آن لائن رقم اپنے اکاؤنٹ میں منتقل کروانے والا ملزم گرفتار کر لیا گیا۔
راوی روڈ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو حراست میں لیا، پولیس کے مطابق ملزم پولیس یونیفارم میں ملبوس ہو کر نجی دکان پر پہنچا اور مبینہ طور پر دکاندار سے رقم اپنے اکاؤنٹ میں آن لائن ٹرانسفر کروائی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم رقم ادا کئے بغیر دکان سے نکلنے کی کوشش کر رہا تھا تاہم ناکام کوشش کے دوران اسے گرفتار کر لیا گیا، ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ پولیس کی وردی عوام کے جان و مال کے تحفظ اور حفاظت کی ضمانت ہے، جبکہ وردی کے تقدس کو پامال کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
ایس پی سٹی نے بھی واضح کیا کہ پولیس کا نام اور یونیفارم استعمال کرکے شہریوں کو دھوکہ دینے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
