(لاہور نیوز) علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسافروں کی سہولت اور امیگریشن عمل کو مزید بہتر بنانے کیلئے نئے امیگریشن کاؤنٹرز قائم کرکے نیا امیگریشن ایریا مکمل طور پر فعال کر دیا گیا۔
وزیر داخلہ سید محسن نقوی نے ایئرپورٹ مینجر اور ڈپٹی ایئرپورٹ مینجر کے ہمراہ نئے فعال کئے گئے امیگریشن ایریا کا افتتاح کیا اور تفصیلی دورہ کیا، اس موقع پر انہوں نے امیگریشن ایریا کے فعال ہونے سے متعلق مختلف سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔
انہوں نے پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی اور لاہور ایئرپورٹ کی ٹیم کی کاوشوں اور کام کے اعلیٰ معیار کو سراہا۔
ایئرپورٹ انتظامیہ کے مطابق نئے امیگریشن ایریا کی فعالیت لاہور ایئرپورٹ پر مسافروں کی پروسیسنگ کے عمل اور مجموعی سہولیات میں نمایاں بہتری لائے گی، نئے کاؤنٹرز کے قیام سے مسافروں کو امیگریشن کے مراحل میں مزید سہولت اور بہتر انتظامی سہولیات میسر آئیں گی۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے مطابق لاہور ایئرپورٹ پر نئے امیگریشن ایریا کی تکمیل مسافروں کی سہولت کے حوالے سے ایک اہم سنگ میل ہے۔
