لاہور میں کم عمر، بغیر لائسنس ڈرائیورز ،3سوار موٹرسائیکل سواروں کیخلاف کریک ڈاؤن
(لاہور نیوز) کم عمر، بغیر لائسنس ڈرائیورز اور موٹرسائیکل پر تین سوار افراد کے خلاف آج شہر بھر میں خصوصی کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔
چیف ٹریفک آفیسر لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لیے شہر بھر میں کم عمر ڈرائیورز، بغیر لائسنس گاڑی یا موٹرسائیکل چلانے والوں اور موٹرسائیکل پر تین سوار افراد کے خلاف جنرل ہولڈ اپ ہوگا۔
سی ٹی او لاہور نے کہا کہ قانون کی خلاف ورزی پر چالان کے ساتھ ساتھ کم عمر ڈرائیور کی گاڑی یا موٹرسائیکل بھی بند کردی جائے گی۔ کم عمر ڈرائیور کی موٹرسائیکل جووینائل پرمٹ دکھانے پر چھوڑ دی جائے گی۔
سید عبدالرحیم شیرازی کا کہنا تھا کہ چھٹی کے روز بچے گھر سے موٹرسائیکل، گاڑی یا رکشہ لے کر سڑکوں پر آجاتے ہیں، جو نا صرف ان کی بلکہ دیگر شہریوں کی زندگیوں کے لیے بھی خطرہ ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ لرنر پرمٹ پر گاڑی چلانے کی ہرگز اجازت نہیں۔ بغیر لائسنس گاڑی چلانے پر 5 ہزار روپے جبکہ موٹرسائیکل چلانے پر 2 ہزار روپے جرمانہ اور گاڑی بند کرنے کی کارروائی ہوگی۔
سی ٹی او لاہور کے مطابق لائسنس دفاتر کے باہر بھی خصوصی ہولڈ اپ ہوگا، جہاں موٹرسائیکل سواروں کو لائسنس بنوانے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے سرکل افسران کو ہدایت کی کہ اپنی نگرانی میں کریک ڈاؤن کو یقینی بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کم عمر ڈرائیورز اور بغیر لائسنس ڈرائیونگ کسی صورت قابل قبول نہیں۔
