(لاہور نیوز) امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ پٹرول لیوی عوام پر ظلم اور معاشی بوجھ ہے، جب تک پٹرول لیوی مکمل ختم نہیں کی جاتی، جماعت اسلامی کا دھرنا جاری رہے گا۔
دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے ضیاء الدین انصاری نے کہا کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کے بجائے نئے ٹیکسز اور لیویز کے ذریعے مشکلات میں اضافہ کر رہی ہے، جبکہ پٹرول لیوی کا بوجھ براہِ راست عام آدمی کی جیب پر پڑ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات اشیائے ضروریہ سمیت زندگی کے ہر شعبے پر پڑتے ہیں، اس لئے حکومت عوام کو محض ریلیف دینے کے دعوے نہ کرے بلکہ عملی اقدامات کرے۔
امیر جماعت اسلامی لاہور نے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کو عوام کا حقیقی نمائندہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ حافظ نعیم الرحمن نے پوری قوم کو شعور دیا ہے، جماعت اسلامی عوام کے حقوق کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی اور پٹرول لیوی واپس لئے جانے تک عوامی جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔
ضیاء الدین انصاری نے حکومت کی جانب سے ڈیزل کی قیمت میں کمی کا خیرمقدم کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ عوام کو اس سے بھی بڑا ریلیف دیا جائے تاکہ مہنگائی کے اثرات کم ہو سکیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ 77 آئی پی پیز کے ساتھ کئے گئے معاہدوں پر نظرثانی کی جائے اور بجلی سمیت توانائی کے شعبے میں عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کیا جائے۔
