(لاہور نیوز) محکمہ موسمیات نے لاہور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں آج گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کی پیشگوئی کر دی، جبکہ نشیبی علاقوں میں سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
پنجاب کے مختلف علاقوں میں راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، قصور اور شیخوپورہ میں بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور سیلاب کا خدشہ ہے، جبکہ شہریوں کو موسمی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب کشمیر، مری، گلیات اور اسلام آباد و راولپنڈی کے مقامی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے۔
متعلقہ اداروں کو موسمی صورتحال کے پیش نظر الرٹ رہنے اور ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ضروری انتظامات یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔
