(لاہور نیوز) لاہور کے چیئرنگ کراس پر پٹرولیم لیوی، آئی پی پیز معاہدوں اور لوڈ شیڈنگ کے خلاف جماعت اسلامی کا دھرنا چوتھے روز بھی جاری ہے۔
دن کے آغاز پر دھرنا گاہ کارکنوں اور عہدیداران سے خالی رہی، جبکہ صرف دھرنے کی انتظامیہ کے چند افراد موقع پر موجود تھے، جماعت اسلامی کے کارکن حکومت سے اپنے مطالبات کی منظوری کیلئے دھرنا دیئے ہوئے ہیں۔
دھرنے کے باعث چیئرنگ کراس کے اطراف ٹریفک کی روانی متاثر ہے، انتظامیہ کی جانب سے خاردار تاریں اور کناتیں لگا کر متعدد راستے بند کئے گئے ہیں، پنجاب اسمبلی سے گنگا رام ہسپتال کی جانب ٹریفک کیلئے راستہ کھلا ہے، تاہم ریگل چوک سے چیئرنگ کراس کی جانب آنے والے دونوں اطراف کے راستے مکمل طور پر بند ہیں۔
گزشتہ روز جماعت اسلامی کے مرکزی قائدین نے پریس کانفرنسز کرتے ہوئے حکومت کی جانب سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے مطالبات تسلیم کئے جانے تک دھرنا جاری رہے گا۔
