(لاہور نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی مہنگائی کے خلاف عوام کی آواز بن رہی ہے، حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کیا گیا اضافہ فوری واپس لے، بصورت دیگر ملک گیر ہڑتال کا اعلان کریں گے۔
مرکزی قائدین کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ دھرنے کے شرکا پرعزم ہیں اور آگے بڑھنے کیلئے تیار ہیں، ہم کسی ذاتی غرض کیلئے نہیں بلکہ عوام کے حقوق کی بات کر رہے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ حکومت نے رات کو پٹرول اور ڈیزل مہنگا کر دیا، حکومت کے اقدامات سے عوام میں غم و غصہ بڑھ رہا ہے، عوام پٹرول کے ہر لٹر پر حکومت کو لیوی اور دیگر ٹیکس ادا کرتے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت نے بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے نام پر آئی پی پیز کے ساتھ ناجائز معاہدے کئے، جماعت اسلامی نے آئی پی پیز کے خلاف دھرنا دیا تو حکومت کو معاہدوں پر نظرثانی کیلئے مجبور کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے 27 میں سے 5 آئی پی پیز کو بند کیا، حکومت کے اپنے مطابق اس اقدام سے قومی خزانے کو 3 ہزار 360 ارب روپے کا فائدہ ہوا، تاہم اب بھی 73 آئی پی پیز کے ساتھ بات چیت کرنے کی ضرورت ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے معاملے پر لیوی کا پٹرول کی قیمت سے کوئی تعلق نہیں، ایف بی آر میں کرپشن عروج پر ہے جبکہ بجلی اور گیس کے بلوں پر بھی بھاری ٹیکسز عائد کئے گئے ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرے اور پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں کیا گیا اضافہ واپس لے، بصورت دیگر جماعت اسلامی ملک گیر احتجاج اور ہڑتال کی جانب جائے گی۔
