(لاہور نیوز) پنجاب کے دریاؤں میں پانی کا بہاؤ مجموعی طور پر معمول کے مطابق ہے، تاہم دریائے سندھ میں کالاباغ، تونسہ اور چشمہ کے مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے چناب، جہلم، راوی اور ستلج میں پانی کا بہاؤ نارمل سطح پر ہے، جبکہ ڈیرہ غازی خان کی رودکوہیوں میں بھی پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق کالاباغ کے مقام پر 3 لاکھ 33 ہزار، چشمہ میں 3 لاکھ 18 ہزار جبکہ تونسہ کے مقام پر 3 لاکھ 38 ہزار کیوسک پانی کا بہاؤ ریکارڈ کیا گیا ہے، نارووال کے نالہ بسنتر، نالہ ایک اور نالہ پلکھو میں بھی نچلے درجے کا سیلاب ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق تربیلا ڈیم 100 فیصد جبکہ منگلا ڈیم 70 فیصد بھر چکا ہے، بارشوں کا چھٹا سپیل 21 اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ نے شہریوں سے موسم اور سیلاب کی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی ہے، انہوں نے شہریوں کو دریاؤں، نہروں اور ندی نالوں کے اطراف سیر و تفریح سے گریز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کا خصوصی خیال رکھا جائے اور انہیں دریاؤں، ندی نالوں میں ہرگز نہ نہانے دیا جائے۔
