(ویب ڈیسک) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو آئندہ تین روز کے لیے برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ ڈیلرز مارجن میں 1.34 روپے فی لٹر اضافہ کر دیا گیا۔
پٹرول کی قیمت فی لٹر 325 اعشاریہ 43 روپے اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 383 اعشاریہ 95 روپے فی لٹر ہے۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے پٹرولیم مصنوعات پر ڈیلرز مارجن میں 1 روپے 34 پیسے فی لٹر اضافے کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد مجموعی مارجن 10 روپے فی لٹر ہوگیا ہے جب کہ ڈیلرز مارجن میں اضافے کے حکومتی فیصلے کے بعد پٹرولیم ڈیلرز نے ہڑتال ملتوی کردی ہے۔
اسلام آباد میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس ہوا، جس میں پٹرولیم مصنوعات پر ڈیلرز مارجن پر نظرثانی کی منظوری دی گئی۔
پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مطابق حکومت نے پٹرولیم ڈیلرز کا مارجن 1 روپے 34 پیسے بڑھا کر مجموعی مارجن 10 روپے کر دیا ہے۔
پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے 1 روپے 34 پیسے لینے کے بعد ہڑتال ملتوی کر دی ہے جب کہ ڈیلرز کے 8 فیصد مارجن کے مطالبے پر ایک مشترکہ کمیٹی بنائی گئی ہے، جو 30 روز میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔
