(لاہور نیوز) رواں سال پنجاب پولیس نے صوبہ بھر میں پتنگ سازی، پتنگ فروشی اور پتنگ بازی کیخلاف کارروائیاں کرتے ہوئے کائٹ فلائنگ ایکٹ کی خلاف ورزی پر 9 ہزار سے زائد مقدمات درج کر لئے۔
پولیس کے مطابق مختلف اضلاع میں کارروائیوں کے دوران 8202 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جن کے قبضے سے بھاری مالیت کی پتنگیں، ڈور اور پتنگ سازی میں استعمال ہونے والا دیگر خام مال برآمد ہوا۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق لاہور ریجن میں پتنگ بازی کے خلاف سب سے زیادہ 4367 مقدمات درج کیے گئے، جبکہ شیخوپورہ ریجن میں 1559 مقدمات کا اندراج ہوا۔
گوجرانوالہ ریجن میں 869 اور گجرات ریجن میں 281 مقدمات درج کیے گئے۔ راولپنڈی ریجن میں کائٹ فلائنگ ایکٹ کی خلاف ورزی پر 961، سرگودھا ریجن میں 316 مقدمات کا اندراج ہوا جبکہ فیصل آباد ریجن میں 405، ملتان ریجن میں 156، ساہیوال ریجن میں 289 اور ڈیرہ غازی خان ریجن میں 29 مقدمات درج کیے گئے۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق بہاولپور ریجن میں بھی رواں سال کائٹ فلائنگ ایکٹ کے تحت 40 مقدمات درج کیے جا چکے ہیں، واضح رہے کہ پتنگ سازی، پتنگ فروشی اور پتنگ بازی پر حکومتی پابندی عائد ہے تاہم خلاف ورزی پر پولیس کی جانب سے کارروائی کی جاتی ہے۔
