پاکستان، سعودیہ اور ترکیہ کے دفاعی معاہدے کی خوشی میں پنجاب پولیس کی 3 روزہ تقریبات کا آغاز
(لاہور نیوز) پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے مابین دفاعی معاہدے کی خوشی میں پنجاب پولیس کی جانب سے تین روزہ تقریبات کا آغاز کر دیا گیا، اس سلسلے میں سنٹرل پولیس آفس لاہور سمیت صوبہ بھر کے پولیس دفاتر کو قومی جھنڈوں اور برقی روشنیوں سے سجا دیا گیا۔
پنجاب پولیس کے دفاتر پر چراغاں کے ساتھ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے قومی جھنڈے بھی لہرائے جا رہے ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق پولیس دفاتر کو تینوں برادر ممالک کے مابین دفاعی تعاون کے اظہار کے طور پر خصوصی طور پر سجایا گیا ہے۔
آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس تینوں ممالک کے درمیان ہونے والے تاریخ ساز دفاعی معاہدے کی خوشیوں میں دیگر قومی اداروں کے ساتھ برابر کی شریک ہے۔ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دفاعی معاہدہ سلامتی، استحکام اور امن کی علامت ثابت ہوگا۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب پولیس ملکی اندرونی سرحدوں کی حفاظت اور امن و امان کے قیام کے لیے افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ قومی سلامتی اور امن کے لیے تمام ادارے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کر رہے ہیں۔
