(لاہور نیوز) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) نے سائبر فراڈ نیٹ ورک کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن کرتے ہوئے لاہور، فیصل آباد اور ملتان سے 28 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
این سی سی آئی اے پنجاب کے ڈائریکٹر محمد علی وسیم کی ہدایت پر سائبر فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں کی گئیں، حکام کے مطابق لاہور سے مبینہ اوڈ گینگ کے 18 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جو شہریوں کو مختلف طریقوں سے دھوکا دے کر لاکھوں روپے ہتھیانے میں ملوث تھے۔
حکام کے مطابق گرفتار ملزمان خود کو سرکاری افسر، ویزا ایجنٹ اور شہریوں کے رشتہ دار ظاہر کرکے مبینہ طور پر فراڈ کرتے تھے۔
فیصل آباد میں آن لائن ٹریڈنگ اور ای میل ہیکنگ میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، حکام کے مطابق ملزمان کی کارروائی کے نتیجے میں ایک شہری کو 54 لاکھ روپے سے زائد کا مالی نقصان اٹھانا پڑا۔
ملتان میں بھی مبینہ اوڈ گینگ کے 7 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزمان میں برطانیہ کا رہائشی اور بینک اہلکار بن کر مبینہ فراڈ کرنے والے عناصر بھی شامل ہیں۔
این سی سی آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے 24 موبائل فونز اور لیپ ٹاپ برآمد کئے گئے ہیں، برآمد ہونے والے آلات کا فرانزک تجزیہ کیا جا رہا ہے جبکہ ملزمان کے مالی لین دین کی بھی چھان بین جاری ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ سائبر فراڈ نیٹ ورک سے وابستہ دیگر عناصر کے خلاف بھی کارروائیاں جاری ہیں اور تحقیقات کے دوران مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔
