(لاہور نیوز) مناواں کے علاقے میں نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے رہائشی تیمور اسلم کو مبینہ طور پر 15 لاکھ روپے تاوان کی خاطر اغوا کر لیا گیا، جبکہ ملزمان نے مغوی کے گھر فون کرکے رقم کا مطالبہ کیا۔
اطلاع ملنے پر مناواں پولیس فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور واقعے کی تحقیقات شروع کر دیں، پولیس کے مطابق ملزمان کو سی سی ٹی وی کیمروں اور دیگر ذرائع کی مدد سے ٹریس کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
ایس پی کینٹ انویسٹی گیشنز کے مطابق مغوی کی اہلیہ کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ مغوی کی بازیابی اور ملزمان کی گرفتاری کیلئے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔
ایس پی کینٹ نے ایس ایچ او مناواں کو ملزمان کو فوری طور پر ٹریس کرکے مغوی کو بحفاظت بازیاب کرانے کی ہدایت کی ہے۔
راحیلہ اقبال کا کہنا ہے کہ پولیس کی جانب سے مغوی کی جلد بازیابی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور امید ہے کہ تیمور اسلم کو جلد بازیاب کرا لیا جائے گا۔
