محسن نقوی کا لاہورایئرپورٹ کا اچانک دورہ، تمام امیگریشن کاؤنٹرز کھلے رکھنے کا حکم
(لاہور نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور کا اچانک دورہ کیا اور مسافروں کے امیگریشن پراسیس کا جائزہ لیا۔
محسن نقوی نے امیگریشن کاؤنٹرز کا معائنہ کیا اور عملے سے امیگریشن کے عمل اور مسافروں کو درپیش مشکلات کے بارے میں دریافت کیا۔ وزیر داخلہ نے مختلف مسافروں سے بھی امیگریشن پراسیس میں لگنے والے وقت کے بارے میں پوچھا۔
مسافروں نے بتایا کہ امیگریشن کے عمل میں تقریباً 30 منٹ لگ رہے ہیں۔ مسافروں نے امیگریشن کے انتظامات مزید بہتر بنانے کی درخواست کی، جس پر وزیر داخلہ نے فوری ایکشن لیتے ہوئے امیگریشن پراسیس تیز کرنے کے لیے ایئرپورٹ پر تمام کاؤنٹرز کھلے رکھنے کے احکامات جاری کیے۔
محسن نقوی نے کہا کہ تمام کاؤنٹرز فعال ہونے سے امیگریشن میں تاخیر کم ہوگی اور مسافروں کو سہولت ملے گی۔ انہوں نے مسافروں کو امیگریشن کا عمل مزید تیز کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔
دورے کے دوران ایک مسافر نے ایجنٹ کی جانب سے رقم لینے کی شکایت کی، جس پر وزیر داخلہ نے موقع پر ہی نوٹس لیا۔ انہوں نے کیس ڈائریکٹر ایف آئی اے کے سپرد کرتے ہوئے متعلقہ ایجنٹ کی گرفتاری کا حکم دیا۔
وزیر داخلہ نے ایف آئی اے حکام کو ہدایت کی کہ نامکمل سفری دستاویزات رکھنے والے کسی شخص کو ہرگز سفر کی اجازت نہ دی جائے۔
محسن نقوی نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے امیگریشن کا عمل آسان ہوا ہے جبکہ جعلی دستاویزات پر سفر کرنے والوں کے خلاف کارروائی مزید سخت کی جا رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مکمل سفری دستاویزات رکھنے والے کسی بھی مسافر کو سفر سے نہیں روکا جائے گا۔
