(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے ایم ڈی کیٹ (MDCAT) کے 16 اگست کو ہونے والے امتحانات ملتوی کرنے کی درخواست مسترد کر دی۔
جسٹس مرزا وقاص رؤف نے ایف ایس سی کے طالب علم طلحہ کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ سینکڑوں طلبہ اس وقت ایف ایس سی کے پریکٹیکل امتحانات دے رہے ہیں، جس کے باعث انہیں ایم ڈی کیٹ کی تیاری کے لیے مناسب وقت نہیں ملا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر امتحان مقررہ تاریخ پر ہوا تو سینکڑوں طلبہ کا مستقبل داؤ پر لگ جائے گا۔
سماعت کے دوران عدالت نے استفسار کیا کہ کیا یہ طلبہ ایم ڈی کیٹ امتحان دینے کے اہل نہیں ہوں گے؟ اس پر پی ایم ڈی سی کے وکیل نے جواب دیا کہ تمام طلبہ امتحان دینے کے اہل ہیں۔
عدالت نے درخواست گزار کے وکیل سے پوچھا کہ جب طلبہ امتحان دینے کے اہل ہیں تو پھر اصل مسئلہ کیا ہے؟ وکیل نے جواب دیا کہ مسئلہ امتحان کی تیاری کے لیے مناسب وقت نہ ملنا ہے۔
درخواست گزار کے وکیل نے مزید بتایا کہ عدالت کے باہر بھی سینکڑوں طلبہ موجود ہیں، تاہم عدالت نے ریمارکس دیے کہ "ہمارے سامنے صرف ایک درخواست گزار ہے، آپ سب کا ٹھیکہ کیوں لے رہے ہیں؟"
دلائل سننے کے بعد لاہور ہائیکورٹ نے ایم ڈی کیٹ امتحانات ملتوی کرنے کی درخواست مسترد کر دی۔
