(لاہور نیوز) نواسہ رسول حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ و شہداء کربلا کا چہلم عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے، اس موقع پر سکیورٹی کے غیر معمولی اور فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔
لاہورسمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں جلوس برآمد ہونے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے مجموعی طور پر بڑی تعداد میں پولیس افسران و اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات کئے گئے ہیں۔
حضرت امام حسینؑ اور شہدائے کربلا کے چہلم کے سلسلے میں لاہور میں مرکزی شبیہِ تعزیہ کا جلوس روایتی عقیدت و احترام کے ساتھ حویلی الف شاہ، اندرون دہلی گیٹ سے برآمد ہوا۔
جلوس اپنے مقررہ روایتی راستوں پر گامزن ہے، جہاں عزادار بڑی تعداد میں شریک ہو کر حضرت امام حسینؑ اور شہدائے کربلا کو خراجِ عقیدت پیش کر رہے ہیں۔
جلوس سے قبل منعقدہ مجلس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ صبیح حیدر شیرازی نے اہلِ بیتؑ کے فضائل اور واقعۂ کربلا کے مصائب بیان کیے اور حضرت امام حسینؑ کی عظیم قربانی اور ان کے پیغام پر روشنی ڈالی۔ جلوس کے راستوں پر عزاداروں کی خدمت کے لیے پانی، شربت اور دودھ کی سبیلیں قائم کی گئی ہیں، جبکہ لنگر کے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
عزاداروں کو فوری طبی امداد کی فراہمی کے لیے حیدریہ سکاؤٹس اور ریسکیو 1122 کی خصوصی ٹیمیں مختلف مقامات پر تعینات ہیں۔ انتظامیہ نے جلوس کے پرامن انعقاد اور عزاداروں کی سہولت کے لیے سکیورٹی، طبی امداد اور دیگر انتظامات کو مؤثر بنایا ہے تاکہ مذہبی رسومات بحسن و خوبی ادا کی جا سکیں۔
