حضرت داتا علی ہجویریؒ کے 983ویں سالانہ عرس کی تقریبات شروع، لاکھوں زائرین کی آمد، سکیورٹی سخت
(لاہور نیوز) برصغیر کے عظیم صوفی بزرگ حضرت داتا گنج بخش، حضرت علی بن عثمان الہجویریؒ کے 983ویں سالانہ عرس کی تین روزہ تقریبات آج روایتی چادر پوشی کی تقریب سے شروع ہوگئیں۔
عرس میں شرکت کے لیے ملک بھر سے لاکھوں عقیدت مند دربار پر پہنچ رہے ہیں، جہاں عبادات، دعاؤں، ذکر و اذکار اور روحانی محافل کا سلسلہ جاری ہے۔
افتتاحی تقریب میں ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار، صوبائی وزرا بلال یاسین اور مجتبیٰ شجاع الرحمٰن، وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی علی ڈار اور سیکرٹری اوقاف احسان بھٹہ سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب میں ڈی جی اوقاف حافظ انیس الرحمان، سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر احسان بھٹہ اور خطیب داتا درباربھی تقریب میں شریک ہوئے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے داتا دربارپر چادر چڑھائی اور سبیل کا افتتاح کیا۔ اسحاق ڈار نے محکمہ اوقاف کی کتاب "حضرت داتا گنج بخشؒ کاملاں را رہنما"کی رونمائی بھی کی۔ اس موقع پر ملک کی سلامتی، امن، استحکام اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔
عرس کے موقع پر سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔ 5 ہزار سے زائد پولیس اہلکاروں اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوانوں کو سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات کیا گیا ہے، جبکہ ٹریفک کی روانی، صفائی اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے بھی جامع انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
دربار کے اندرونی اور بیرونی حصوں کو رنگ برنگے برقی قمقموں، پھولوں، آرائشی لڑیوں اور خوبصورت فانوسوں سے سجایا گیا ہے۔ زائرین کی سہولت کے لیے وسیع پیمانے پر لنگر اور دودھ کی سبیل کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔ زائرین کیلئے میڈیکل کیمپس بھی لگائے گئے ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق تین روزہ عرس تقریبات میں لاکھوں زائرین کی شرکت متوقع ہے، جبکہ عقیدت مندوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے ہمہ وقت متحرک ہیں۔ عرس کی تین روزہ تقریبات کا اختتام چار اگست کو دعاکے ساتھ ہوگا۔
