( لاہور نیوز) شہر میں پرائیویٹ پارکنگ کے نام پر شہریوں سے زائد فیس وصول کرنے والوں کے خلاف ضلعی انتظامیہ نے بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) علی اعجاز کی ہدایت پر کارروائی کرتے ہوئے 50 سے زائد نجی پارکنگ اسٹینڈز کو سرکاری نرخوں سے زائد وصولی پر سیل کر دیا گیا۔ کارروائیاں سی او ایم سی ایل کلیم یوسف کی ہدایت پر ایم او آر جواد الحسن کی سربراہی میں گلبرگ، شالیمار، داتا گنج بخش اور سمن آباد زونز میں کی گئیں۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق متعدد پارکنگ سٹینڈز پر موٹرسائیکل کی پارکنگ فیس 50 روپے اور گاڑی کی 100 روپے وصول کی جا رہی تھی، جبکہ سرکاری طور پر موٹرسائیکل کی پارکنگ فیس 10 روپے اور گاڑی کی 30 روپے مقرر ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ پرائیویٹ پارکنگ کے نام پر عوام کا استحصال کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور اوورچارجنگ کرنے والے پارکنگ سٹینڈز کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی تاکہ شہریوں کو سرکاری نرخوں کے مطابق سہولت فراہم کی جا سکے۔
