(لاہورنیوز) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے وفاقی وزیر احسن اقبال کے حق میں ہتکِ عزت کا دعویٰ منظور کرتے ہوئے مراد سعید کو 25 لاکھ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دے دیا۔
ایڈیشنل سیشن جج ہاکم خان نے فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا کہ مراد سعید کی جانب سے احسن اقبال پر 70 ارب روپے کرپشن کے الزامات ثابت نہیں ہوئے۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ احسن اقبال پر کرپشن، اختیارات کے ناجائز استعمال اور غیرقانونی کمیشن کے الزامات ہتکِ عزت کے زمرے میں آتے ہیں جبکہ متنازع بیان سے ان کی ساکھ، عزت اور وقار متاثر ہوا اور عام شہریوں میں ان کے بارے میں منفی تاثر پیدا ہوا۔
فیصلے کے مطابق یہ الزامات احسن اقبال کی دیانت، کردار اور ساکھ پر براہِ راست حملہ تھے جبکہ مراد سعید نہ تو خود عدالت میں پیش ہوئے اور نہ ہی اپنے الزامات کے حق میں کوئی ثبوت پیش کر سکے۔
عدالت نے قرار دیا کہ احسن اقبال کی جانب سے دائر کیا گیا 10 ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ شواہد کی روشنی میں حد سے زیادہ تھا، تاہم انہیں 25 لاکھ روپے ہرجانہ دینے کا حکم دیا گیا۔
واضح رہے کہ 2019 میں مراد سعید نے بطور وفاقی وزیر پریس کانفرنس کے دوران احسن اقبال پر ملتان، سکھر موٹر وے منصوبے میں کرپشن کے الزامات عائد کیے تھے۔
