دو ماہ میں سی ٹی ڈی کے 419 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 5 را ایجنٹوں سمیت 54 دہشتگرد گرفتار
(لاہور نیوز) محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) پنجاب نے گزشتہ دو ماہ کے دوران صوبے کے مختلف شہروں میں 419 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز (IBOs) کرتے ہوئے 5 را ایجنٹوں سمیت 54 مشتبہ دہشت گردوں کو گرفتار کیا ہے۔
سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق کارروائیاں لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، سرگودھا، جہلم اور دیگر اضلاع میں کی گئیں۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار کیے گئے مبینہ را ایجنٹوں کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔
بیان کے مطابق کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں سے دھماکہ خیز مواد، 12 آئی ای ڈی بم، 42 ڈیٹونیٹر، 98 فٹ سیفٹی فیوز وائر، ممنوعہ سٹیکرز، مختلف کتابیں اور نقدی بھی برآمد کی گئی۔
سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار افراد میں وارث، نصر، منور، زاہد، انعام اللہ اور دیگر شامل ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار مشتبہ دہشت گرد شہریوں میں خوف و ہراس پھیلانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے، جبکہ ان کے خلاف انسداد دہشت گردی سمیت دیگر متعلقہ دفعات کے تحت مقدمات درج کرکے مزید تفتیش جاری ہے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ گزشتہ دو ماہ کے دوران صوبہ بھر میں 13 ہزار 572 کومبنگ آپریشنز بھی کیے گئے، جن کے دوران 4 لاکھ 94 ہزار 642 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی، جبکہ 1 ہزار 193 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔
