(لاہور نیوز)غالب مارکیٹ کے علاقے میں فائرنگ سے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عبداللہ طاہر کے قتل کے مقدمے میں پولیس نے 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار ملزمان پر مبینہ طور پر شوٹرز کی سہولت کاری کا الزام ہے, پولیس نے شوٹرز کو لانے کیلئے استعمال ہونے والی گاڑی بھی تحویل میں لے لی ہے، جو گوجرانوالہ سے رینٹ پر حاصل کی گئی تھی۔
ذرائع کے مطابق ملزمان نے گاڑی حاصل کرنے کے بعد اس پر جعلی نمبر پلیٹ لگا دی تھی، ابتدائی تحقیقات میں سامنے آیا ہے کہ ملزمان گاڑی کے ذریعے گلبرگ تک پہنچے، جبکہ کلینک کے قریب جانے کیلئے موٹرسائیکلوں کا استعمال کیا گیا۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کے واقعے میں ملوث مرکزی ملزمان تاحال گرفتار نہیں ہو سکے، تاہم ان کی گرفتاری کیلئے کارروائیاں جاری ہیں، پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور شواہد کی بنیاد پر ملزمان تک پہنچنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
