(ویب ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) نے مینز کرکٹ ورلڈکپ 2027ء کے 12 وینیوز کا اعلان کر دیا۔
آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2027 جنوبی افریقا، زمبابوے اور نمیبیا میں کھیلا جائے گا۔ ایونٹ کے مقابلے 12 مختلف وینیوز پرہوں گے۔
جنوبی افریقا اور زمبابوے 2003 کے بعد ایک بار پھر ورلڈ کپ کی مشترکہ میزبانی کریں گے جبکہ نمیبیا پہلی مرتبہ کسی سینیئر آئی سی سی عالمی ٹورنامنٹ کی میزبانی کرے گا۔
جنوبی افریقا کے 8، زمبابوے کے 3 جبکہ نمیبیا کے ایک شہر کو ورلڈکپ 2027 کی میزبانی دی گئی ہے۔
آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2027 کے لیے جنوبی افریقا کے 8 شہروں میں جوہانسبرگ کا وانڈررز اسٹیڈیم ورلڈ کپ میزبان وینیوز میں شامل ہے جبکہ کیپ ٹاؤن کا نیو لینڈز کرکٹ گراؤنڈ بھی ایونٹ کے میچز کی میزبانی کرے گا۔
جنوبی افریقا میں ڈربن کا کنگزمیڈ کرکٹ گراؤنڈ بھی ورلڈ کپ 2027 کے میزبان وینیوز میں شامل ہے جبکہ سنچورین، پارل، بلوم فونٹین، گکیبیرا اور بفیلو پارک بھی ایونٹ کی میزبانی کریں گے۔
زمبابوے کے دارالحکومت ہرارے کا ہرارے اسپورٹس کلب ورلڈ کپ 2027 کا میزبان ہوگا۔ بلاوایو کا کوئنز اسپورٹس کلب بھی ایونٹ کی میزبانی کرے گا۔ اس کے علاوہ وکٹوریہ فالز کا فیلے موسیٰ او آ تونیا انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم بھی میزبان وینیوز میں شامل ہے۔
دوسری جانب نمیبیا کے دارالحکومت ونڈہوک کا نمیبیا کرکٹ گراؤنڈ بھی ورلڈ کپ 2027 کے میچز کی میزبانی کرے گا۔
واضح رہے کہ ورلڈ کپ 2027 میں 14 ٹیمیں ٹائٹل کے لیے ایکشن میں ہوں گی ، ایونٹ میں مجموعی طور پر 57 میچز کھیلے جائیں گے۔
آئی سی سی نے ورلڈ کپ 2027 کے لیے نیا تین مرحلوں پر مشتمل فارمیٹ بھی متعارف کرایا ہے۔
