(لاہور نیوز) این سی سی آئی اے نے بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے لاہور، فیصل آباد اور ملتان سے آن لائن ہراساں کرنے والے 4 ملزمان گرفتار کر لئے۔
حکام کے مطابق خواتین کو مسلسل ہراساں کرنے اور دھمکیاں دینے کے الزام میں لاہور سے ملزم ہارون قریشی کو گرفتار کیا گیا، فیصل آباد سے میاں بیوی کو قابلِ اعتراض مواد سے بلیک میل کر کے رقم وصول کرنے والے ملزمان عبدالرحمان اور محمد ایاز گرفتار کئے گئے۔
کارروائی کے دوران 2 موبائل فونز، واٹس ایپ نمبرز اور متعدد خواتین کا قابلِ اعتراض مواد برآمد کیا گیا، اسی طرح ملتان میں خاتون کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کرنے اور بلیک میلنگ میں ملوث ملزم فرہاد عباس کو گرفتار کیا گیا۔
این سی سی آئی اے حکام کا کہنا ہے تمام کارروائیوں میں برآمد ڈیجیٹل شواہد کی فرانزک جانچ جاری ہے، آن لائن ہراسمنٹ یا بلیک میلنگ کی صورت میں شہری خصوصاً خواتین فوری طور پر این سی سی آئی اے سے رابطہ کریں۔
